Talkshows4u

Find the Power of Discussion with TalkShows4u

Talk Shows Alerts

Mujeeb Ur Rehman Shami & Absar Alam’s comments on Nawaz Sharif’s Speech

Mujeeb Ur Rehman Shami & Absar Alam’s comments on Nawaz Sharif’s Speech

نواز شریف کی تقریر پر  مایہ ناز صحافیوں کی آراء

مجیب الرحمن شامی کا تعارف

مجیب الرحمن شامی کا شمار پاکستان کے نامور صحافیوں میں ہوتا ہے۔آپ اپنے بصیرت افروزتجزیے اور تبصروں سے صحافت کی دنیا میں ایک نام رکھتے ہیں۔آپ اخبار ڈیلی پاکستان   کے چیف ایڈیٹر ہیں۔مجیب الرحمن شامی پاکستان کے مشہور ٹی وی چینل دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں بھی جلوہ افروز ہوتے ہیں۔

جیسا  کہ ہمارے قارئین جانتے ہیں کہ پاکستان میں 8فروری کو عام انتخابات کا انعقاد ہوااوراب تک کی صورتحال اور غیر حتمی نتائج کے مطابق  تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزادامیدوار قومی اسمبلی کی نشستوں پر  سرفہرست جبکہ  ن لیگ اور پیپلز پارٹی دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔دوسری طرف نواز شریف نے اپنی الیکشن کی وکٹری تقریر میں تمام جیتنے والی پارٹیوں اور امیدواروں کو دعوت دی ہےکہ آئیں ملکر اس زخمی پاکستان  کو مشکلات سے نکالیں۔

مجیب الرحمن شامی کاتجزیہ

مجیب الرحمن شامی نے گزشتہ روز دنیا ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے  کہاکہ  نواز شریف نے اپنی تقریرمیں مختلف پارٹیوں سے بات کرنے کا کہا ہے جو کہ خوش آئند ہے، لیکن نواز شریف کے لئے مشکل امر یہ ہے کہ ان کو اتحادی حکومت بنانی پڑے گی۔یا تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن مل جائے ،یا آزاد امیدوار دونوں پارٹیوں سے مل جائیں۔ایک صورت یہ ہوسکتی ہے کہ نواز شریف وفاق میں حکومت نہ بنائیں اور اپوزیشن میں بیٹھ جائیں۔ جہاں تک پنجاب کی صورتحال ہے یہاں ان کے لئے راستہ ہموار ہے اور وہ اپنی حکومت بناسکتی ہے لیکن وفاق میں صورتحال مختلف ہے۔مجیب الرحمن شامی کا کہنا تھا کہ بلاول غالبا ن لیگ کے ساتھ بیٹھنے کو فی الحال تیار نہیں ہیں۔اگر ن لیگ اور پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت نہیں بناتی اور اپوزیشن میں بیٹھتی ہے تو شاید بات دوبارہ انتخابات تک چلی جائے۔

ابصار عالم کا مؤقف

اسی طرح سماء ٹی وی کی ٹرانسمیشن میں نامور صحافی ابصار عالم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نواز شریف نے دوسری پارٹیوں کو ساتھ ملکر حکومت بنانے کی پیشکش کی ہے،گویاکہ پی ڈی ایم 2 گورنمنٹ بنائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ لیکن کوئی یہ کیوں نہیں سوچ رہا کہ تحریک انصاف جس کے آزاد امیدوار میدان میں اترے تھے اور اس نے وفاق میں 90 سے زائد سیٹس جیت لی ہیں ،وہ کیا انہیں اگلے پانچ سال حکومت کرنے دیں گی۔مزید برآں یہ کہ خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف ایک مضبوط جماعت کے طور پر ابھری ہے اور قوی امکان ہے کہ وہ وہاں ایک مضبوط حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تقریریں تو وہی ہیں جو ہم پہلے پی ڈی ایم کی حکومت سے سنتے رہےتھے،اگر پی ڈی ایم پہلے کچھ نہیں کرسکی تو اب کیا کرے گی جبکہ لوگ پہلے تو انتخابات کا انتظار کررہے تھے۔ابصار عالم کی گفتگو  کے دوران صحافی سید طلعت حسین نے  دخل اندازی کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کا خیال ہے کہ آزاد امیدوار  جن کی تعداد 100کے قریب ہے وہ تمام کے تمام تحریک انصاف کے ساتھ نہیں رہیں گے۔اگر آئین نے کسی آزاد امیدوار کو اجازت دی ہے تو وہ کسی بھی پارٹی میں شامل ہوسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بہت نازک صورتحال میں سے گزررہا ہے۔

انتخابات میں دھاندلی کی شکایات پر تبصرہ کرتے ہوئے طلعت حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں 18ایسی جگہیں جہاں سے احتجاج کے احتمال کا خدشہ ہے اور 12 امیدواروں نے  الزامات کے پیش نظر کورٹ میں جانے کا فیصلہ کیا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔شہباز شریف کو نواز شریف نے پارٹیوں کے ساتھ مذاکرات کرنے کا حکم دیا ہے لیکن پنجاب میں اس وقت گفتگو کرنے کے لئے دوستانہ ماحول میسر نہیں ہے۔

نتیجہ

پاکستان کی سیاسی صورتحال الیکشن کے بعد ایک دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔تجزیہ کاروں کی آراء کو مدنظر رکھا جائے تو ایسے لگتا ہے کہ اگلی حکومت مخلوط بنے گی۔گو ابھی تک الیکشن کو گزرے چوبیس گھنٹے ہوچکے ہیں مگر الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال فائنل رزلٹ سامنے نہیں آیا،تاآنکہ ہم اندازہ لگا سکیں کہ کونسی پارٹی اس بار حکومت بنا پائے گی۔جو ممکنہ تصویر نظر آتی ہے اس میں ن لیگ ،پیپلز پارٹی دیگر جماعتوں اور چند آزاد امیدواروں کے ساتھ ملکر حکومت بناسکے گی۔پنجاب کی صورتحال میں ن لیگ کا حکومت بنانے کا امکان قوی ،جبکہ سندھ اور خیبرپختونخواہ میں صورتحال بہت حد تک واضح ہے۔کیونکہ دونوں صوبوں میں  بالترتیب پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے آزاد امیدوار واضح اکثریت سے برتری حاصل کرچکے ہیں۔اب دیکھنا ہے کہ آئندہ دنوں میں سیاسی  اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے اور کونسی  پارٹی حکومت سازی میں کامیاب ہوتی ہے۔

Watch More Latest News Here

Watch More Talk Shows Alerts Here

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *